"سفاری زو لاہور میں جانوروں کے بروقت تشخیص اور بہتر طبی نگہداشت کے لیے پورٹ ایبل ایکسرے کی جدید سہولت فعال کر دی گئی۔” — ترجمان
سفاری زو لاہور میں جانوروں کیلئے پورٹ ایبل ایکسرے کی سہولت فعال کر دی گئی۔ترجمان

مزید خبریں
لاہور۔25جولائی (اے پی پی):صوبہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار محکمہ تحفظ جنگلی حیات کے زیر انتظام سفاری زو رائیونڈ روڈ لاہور میں قائم سٹیٹ آف دی آرٹ وائلڈ لائف ہسپتال میں جنگلی جانوروں، پرندوں اور خزندوں کے لیے پورٹ ایبل ایکسرے کی سہولت فعال کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق محکمہ کے زیر انتظام سفاری زو کے اس جدید ترین وائلڈ لائف ہسپتال میں حال ہی میں ایک ہرن اور ایک اژدھے کے تفصیلی طبی معائنہ کے لیے یہ اہم تشخیصی سہولت موقع پر ہی فراہم کی گئی جو یقینا جانوروں کی بہبود کی جانب ایک اہم قدم ہے کیونکہ اس سے قبل ایکسرے کروانے کے لیے جنگلی جانوروں پرندوں اور خزندوں کو دوسری جگہ منتقل کر کے ویٹرنری ہسپتال لے جانا پڑتا تھا لیکن اب محکمہ کی اس دستیاب سہولت پورٹ ایبل ایکسرے مشینوں کی بدولت جانوروں کا طبی معائنہ انتہائی آسانی کے ساتھ موقع پر ہی کیا جا سکتا ہے۔ یوں جانوروں کی فلاح وبہبود کی جانب محکمہ کا یہ ایک انتہائی قابل ستائش قدم ہے جسے شائقین جنگلی حیات اور دیگر عوامی حلقوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔








