اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):ملک سے سفری خدمات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادو ں پر 28 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سفری خدمات کی برآمدات سے ملک کو 346ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصد کم ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سفری خدمات کی برآمدات کا حجم 478 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ دسمبر میں سفری خدمات کی برآمدات کا حجم 65 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو دسمبر 2022 کے مقابلہ میں 50 فیصد کم ہے۔ دسمبر 2022 میں سفری خدمات کی برآمدات سے ملک کو 131 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں سفری خدمات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 16 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ نومبر میں سفری خدمات کی برآمدات سے ملک کو 56 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہوا جو دسمبر میں بڑھ کر 65 ملین ڈالر ہو گیا۔