سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت

سلامتی کونسل کی سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ ۔16اکتوبر (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نےحوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حملوں کی مذمت کی ہے، جن میں ان کے بقول شہری ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ بی بی سی کے مطابق کونسل کے رکن ممالک نے بحیرۂ احمر اور آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملوں اور دھمکیوں کی بھی مذمت کی۔سلامتی کونسل کی طرف سے جاری بیان میں تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

بیان میں بین الاقوامی قوانین، بالخصوص اقوامِ متحدہ کے سمندری قوانین کے کنونشن کی پابندی اور جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کی ضرورت پر بھی تاکید کی گئی۔سلامتی کونسل کے اراکین نے اپنے بیان میں کہا کہ یمن میں پائیدار امن تشدد، جبر یا طاقت کے استعمال کے ذریعے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے یمن کے مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع کا مستقل حل مذاکرات اور سیاسی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔سلامتی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک امریکا ، روس ، چین ، برطانیہ اور فرانس ہیں جبکہ غیر مستقل ارکان میں پاکستان، ڈنمارک، یونان، پاناما، صومالیہ ، بحرین ، کولمبیا، کانگو، لیٹویا اور لائبیریا شامل ہیں۔