وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر اور مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر اور مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کا احترام ناگزیر ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی ربیکا گرین سپین سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےعالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر اور مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو ناگزیر قرار دیا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ربیکا گرین سپین نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے فروغ و پاسداری کے لیے پاکستان کے پائیدار عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر اور مکمل عملدرآمد، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کو ناگزیر قرار دیا۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستونوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں متوازن پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بالخصوص عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر موثر عملدرآمد اور ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔ربیکا گرین سپین نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے دیرینہ اور قابل قدر کردار کو سراہا اور حالیہ علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی تعمیری کوششوں کو بھی سراہا۔








