"وفاقی وزیر دفاعی پیداوار بیرسٹر محمد رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ سلامتی کے اداروں پر بلاجواز تنقید ناقابل قبول ہے اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”
سلامتی کے اداروں پر بلاجواز تنقید کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار بیرسٹر محمد رضا حیات ہراج نے مولانا فضل الرحمن کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کے اداروں پر بلاجواز تنقید کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی علاقائی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں، فوج کی قربانیاں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے بیان سے بہت تکلیف ہوئی، مولانا فضل الرحمن نے شہدا کی بے حرمتی کی، ایک مذہبی رہنما سے غیر ذمہ دارانہ بیان کی توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے شہدا کے لہو کی بے حرمتی کی، ایک عالم دین کو ایسی گفتگو زیب نہیں دیتی، ان کے بیان سے شہدا کے والدین اور عوام اضطراب کا شکار ہیں، ان کے بیان نے را اور موساد کے ایجنڈے کو تقویت دی، مولانا فضل الرحمن نے دشمن کے انتشار پھیلانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ وقت قوم کو متحد کرنے اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، سلامتی کے اداروں پر بلاجواز تنقید کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستانی قوم شہدا اور ان کے ورثا کی مقروض ہے، شہدا ہمارے سر کا تاج اور ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عزت، غیرت اور جرات میں پاکستانی قوم کا کوئی ثانی نہیں، پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، محب وطن پاکستانی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوارنے کہا کہ ان قوموں سے حالات پوچھیں جن کی افواج ان کی سرحدوں کا تحفظ نہیں کر پا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر دنیا افواج پاکستان کی صلاحیتوں کی معترف ہے، افواج پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آج ہماری سرحدیں محفوظ ہیں۔







