لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر مختلف محکموں کو اپنی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا ہے
سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کیس کی سماعت ملتوی

مزید خبریں
لاہور۔3جولائی (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر مختلف محکموں کو اپنی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ دو سے تین مزید سماعتوں کے بعد کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ۔ جمعہ کودوران سماعت متعلقہ محکموں کے اعلی حکام پیش ہوئے اور اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ دوران سماعت پی ایچ اے نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی جس پر عدالت نے رپورٹ کی کاپی عدالتی کمیشن کو بھی فراہم کرنے کا حکم دیا۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس کیس میں تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔پی ایچ اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قدرتی پانی کے تحفظ اور گرین بیلٹس پر کام کیا گیا ہے، شادمان کے ایک باغ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیا گیا ہے، درختوں کے تحفظ کے لیے لیسکو اور محکمہ آبپاشی کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ نہر کنارے موجود درختوں کی جیو ٹیگنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے۔عدالت نے دیگر متعلقہ محکموں کو بھی اپنی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دی اور کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی ۔








