سموگ تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت ،پیراگون سوسائٹی کے عقب میں کچرا جلانے کے واقعے پرڈی جی ریسکیو سے رپورٹ طلب

لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران پیراگون سوسائٹی کے عقب میں کچرا جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر نصیر سے رپورٹ طلب کر لی

لاہور۔8جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران پیراگون سوسائٹی کے عقب میں کچرا جلانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر نصیر سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ متعلقہ ایس ایچ او کو کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے اور ڈپٹی کمشنر کو غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کے بورڈز آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت گیارہ جون تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عمل درآمد رپورٹس طلب کرلی ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق ، اظہر صدیق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی ۔سوموار کے روز دوران سماعت متعلقہ محکموں کے اعلی حکام پیش ہوئے اور اپنی اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کیں۔

سماعت کے دوران پیراگون سوسائٹی کے قریب کچرا جلانے سے پیدا ہونے والی آلودگی کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آگ بجھانے کے دوران انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ کسی کیمیکل کے اخراج یا دھماکے کا خطرہ پیدا ہو جائے۔ممبر ماحولیاتی کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ ماحولیات نے غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ کے خاتمے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیے ہیں، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات نے آگاہ کیا کہ محکمہ ماحولیات کی ٹیمیں مستقل بنیادوں پر موقع پر تعینات کر دی گئی ہیں۔ممبر ماحولیاتی کمیشن کے مطابق پیراگون سٹی کے قریب کچرا پھینکنے کا سلسلہ فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہو چکے ہیں۔جسٹس شاہد کریم نے ہدایت کی کہ متعلقہ تھانے کے حکام ٹھیکیدار کو طلب کریں اور واضح کریں کہ آئندہ اس قسم کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔عدالت نے حکم دیا کہ مذکورہ ٹھیکیدار سے بیانِ حلفی لیا جائے کہ وہ مستقبل میں غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ پرکچرا نہیں پھینکے گا۔ عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔