سموگ کے تدارک کے لیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، کرشنگ یونٹس اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر احمد مغیث نے سموگ سیزن کے آغاز کے پیش نظر فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے

سرگودھا۔ 14 ستمبر (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر احمد مغیث نے سموگ سیزن کے آغاز کے پیش نظر فضائی آلودگی کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، کرشنگ یونٹس، بھٹہ خشت، صنعتی یونٹس اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے یہ ہدایات انسداد سموگ کمیٹی کے اجلاس کی زیر صدارت جاری کیں۔اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر، محکمہ معدنیات و ماحولیات کے افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات اور کارروائیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں۔اجلاس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی چیکنگ، بھٹہ خشت کی مانیٹرنگ، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں، کرشنگ و صنعتی یونٹس کے معائنے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اے ڈی سی ہیڈکوارٹر نے ہدایت کی کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنائی جائے۔ انہوں نے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے بھٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن، کرشنگ یونٹس اور آلودگی کا باعث بننے والی صنعتوں کی مانیٹرنگ سخت کرنے جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے فیلڈ نگرانی مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔احمد مغیث نے تعمیراتی منصوبوں سے اٹھنے والے گردوغبار کے تدارک کے لیے پانی کے چھڑکاؤ، سپرنکلر سسٹم کے استعمال اور تعمیراتی سامان کو ڈھانپنے سمیت ڈسٹ کنٹرول ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو مشترکہ فیلڈ مانیٹرنگ اور کارروائیوں کی رپورٹس باقاعدگی سے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف اور صحت مند پنجاب کے وژن کے مطابق فضائی آلودگی کے ذرائع پر مؤثر کنٹرول کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں