سموگ کے خدشات اور فضائی و ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے مانیٹرنگ مزید سخت کردی گئی،خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا اعلان

209
جلانے اور سموگ

فیصل آباد ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں سموگ کے خدشات اور فضائی و ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کیلئے مانیٹرنگ مزید سخت کردی گئی ہے اورکاشتکاروں کو کٹائی کے بعدکسی بھی صورت دھا ن کے مڈھوں کو آگ نہ لگانے کی ہدائت کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت آئندہ ایام میں سموگ کے خطرہ کے پیش نظر تمام تر حفاظتی و تدارکی انتظامات یقینی بنا رہی ہے اور کاشتکاروں کو سختی سے ہدائت کی گئی ہے کہ وہ اپنی فصلات کی باقیات کو جلانے سے گریز کریں کیونکہ آب و ہوا میں نمی کے باعث اس دھویں کے سموگ میں تبدیل ہونے کا شدید خدشہ ہے جو مختلف بیماریاں پھیلانے کا موجب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں کاشتکاروں میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کیلئے میڈیا کا کردار بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لئے میڈیا کو چاہیے کہ وہ کاشتکاروں کو اس ضمن میں آگاہی فراہم کرے کہ وہ اپنی فصلات کی باقیات کو جلانے یا آگ لگانے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے سے جہاں فضائی و ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے وہیں زمین کی بالائی سطح پر موجود نامیاتی مادوں کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے باعث شاہرات پر حادثات کا بھی امکان ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کے مڈھوں کی تلفی کیلئے روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو کی مدد سے انہیں زمین میں ملا دیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے جہاں سموگ سے بچاؤ ممکن ہو گا وہیں زمین کی زرخیزی اور پیداواری صلاحیت بھی بڑھے گی۔