سمیڈا میں پاکستان کی تاریخ کے پہلے ایس ایم ای کلسٹرز ایکسپو کی تیاریاں شروع

لاہور۔9جنوری (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) پہلی میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس 2026 کا انعقاد کرے گی۔یہ تین روزہ تاریخی نمائش24-26 جنوری کو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔سی ای او سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ کا کہنا تھا کہ اس تاریخی نمائش کا مقصد وزیراعظم پاکستان کے ایس ایم ای ڈویلپمنٹ ویژن کے مطابق ملک کے مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائز …

لاہور۔9جنوری (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) پہلی میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس 2026 کا انعقاد کرے گی۔یہ تین روزہ تاریخی نمائش24-26 جنوری کو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔سی ای او سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ کا کہنا تھا کہ اس تاریخی نمائش کا مقصد وزیراعظم پاکستان کے ایس ایم ای ڈویلپمنٹ ویژن کے مطابق ملک کے مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائز ایکو سسٹم کو مضبوط بنانا ہےجس کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان اور سیکرٹری سیف انجم براہ راست سمیڈا کی رہنمائی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش ایس ایم ایز کی مارکیٹ تک رسائی کو وسعت دے گی اور ایس ایم ای کلسٹرز کو قومی معیشت کے ایک منظم اور مسابقتی ستون کے طور پر اجاگر کرے گی۔

سی ای او سمیڈا نے کہا کہ پاکستان کی ایس ایم ایز،معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں جو علاقائی اور سیکٹرل کلسٹرز کی صورت میں مختلف شہروں اور قصبوں میں پائے جاتے ہیں لیکن ان میں سے اکثر اور بالخصوص خواتین کی زیر قیادت چلنے والی مائیکرو انٹرپرائزز کو سرمائے کے حصول اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں دقت کا سامنا ہے۔انہوں نے امید کی کہ ایس ایم ای کلسٹرز ایکسپو ایسی مائیکرو انٹر پرائزز کیلئے بے حد مددگا ر ثابت ہوگی اور انہیں ایک ایسا کثیر سالہ فورم میسر آجائے گا جو وقت کے ساتھ ساتھ مصنوعات کی نمائش اور کلسٹر کی شناخت اجاگر کرنے کے علاوہ بی ٹو بی شراکت داری،برآمدی تیاری اور عالمی خریداروں کے روابط کا ایک فعال پلیٹ فارم بن جائے گا،جو ایس ایم ایز کو کارپوریٹ خریداروں،پالیسی سازوں،سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز سے جوڑ دیگا ۔

ذرائع کے مطابق نمائش میں ایگرو فوڈ اینڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل اور دستکاری،آلات جراحی اور لائٹ انجینئرنگ، چمڑے اور چمڑے کی مصنوعات، فرنیچر، ماربل اور گرینائٹ، آئی سی ٹی اور سروسز سے متعلق کلسٹرز شرکت کریں گے جن کا انتخاب شفاف طریقے مستند ٹریڈ باڈیز کے توسط سے کیا جا رہا ہے ۔نمائش کے منتظمین کا کہنا ہے کہ نمائش میں کارپوریٹ خریداروں اور پروکیورمنٹ ہیڈز،حکومت اور ریگولیٹری اسٹیک ہولڈرز،مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں،غیر ملکی مشنز اور تجارتی اتاشیوں کے ساتھ ساتھ میڈیا،طلبا اور عام عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انکا دعوی ہے کہ مذکورہ نمائش کا افتتاح تاریخی حیثیت کا حامل ہے جو ایس ایم ایز کی تیار کردہ مصنوعات کو نہ صرف فروغ دے گا بلکہ حکومتی وژن کے مطابق ایس ایم ایز کی مسابقت کو مضبوط کرے گا۔

یہ نمائش تین دنوں کے دوران کاروباری میچ میکنگ اور پالیسی ڈائیلاگ کے ساتھ ایک قومی سطح کا میگا ایونٹ ثابت ہوگا۔