ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے اڈہ شاہ میاں ابراہیم، صدر دین میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں نرسنگ کی ایک طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔
ڈیرہ غازی خان، اڈہ شاہ میاں ابراہیم میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، دو افراد جاں بحق

مزید خبریں
ڈیرہ غازی خان ۔ 08 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے اڈہ شاہ میاں ابراہیم، صدر دین میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں نرسنگ کی ایک طالبہ سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوئی کہ دو فریقین کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق 23 سالہ امیمہ فاروق دختر محمد فاروق، جو نرسنگ کی طالبہ تھی، فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئی۔ واقعے میں 20 سالہ تنویر ولد موسیٰ خان بھی سر میں گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار لی۔ فائرنگ کے دوران مداخلت کرنے والا 38 سالہ محمد ریاض ولد واحد بخش دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ شاہ صدر دین پولیس ایس ایچ او عمران خالد کی قیادت میں موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیں جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایس ایچ او نے میڈیا کو بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے مقتولہ کو کس وجہ سے گولی ماری اور بعدازاں خود کو بھی گولی مار دی۔








