وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے چیئرمین ایچ بی ایل کی ملاقات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے پیر کے روز ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات کی۔

پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی سے پیر کے روز ایچ بی ایل کے چیئرمین اور آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر سلطان علی الانا نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی بھی موجود تھے۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں پشاور میں آغا خان اسپتال کے قیام کے امکانات کا تفصیلی جائزہ، آغا خان اسپتال کے قیام کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ اسپتال کے قیام کے عمل کو تیز رفتار بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا،صوبائی حکومت آغا خان اسپتال کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ملاقات میں ڈیٹا سینٹرز میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا اور کھیلوں کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بھی زیر بحث آئے۔ملاقات میں معدنیات، قدرتی وسائل اور مائنز سیکٹر میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صوبے میں سیاحت کے فروغ اور سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔