سندھ حکومت فلم اور تخلیقی صنعت کے فروغ کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت فلم اور تخلیقی صنعت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ثقافتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

کراچی۔ 10 جولائی (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سندھ حکومت فلم اور تخلیقی صنعت کے فروغ کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔

جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کے فلم اوورسائٹ بورڈ کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں محکمہ اطلاعات کے تحت جاری فلمی منصوبوں پر پیش رفت، ان کی تکمیل، مستقبل کی حکمت عملی اور فلمی صنعت کے فروغ سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن، بورڈ ممبران ژالے سرحدی، وقاص رضوی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ محکمہ اطلاعات کے زیر انتظام تیار کیے جانے والے فلمی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ فلموں کی پروجیکشن، ملکی و بین الاقوامی سطح پر ڈسٹری بیوشن، مختلف فلم فیسٹیولز میں شرکت، نجی شعبے کے ساتھ اشتراک، ڈیجیٹل ریلیز اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تشہیری حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے سندھ حکومت کے فلمی منصوبوں کو موثر انداز میں متعارف کرانے کے مختلف پہلوں پر بھی غور کیا گیا تاکہ ان منصوبوں کی رسائی زیادہ سے زیادہ عوام تک یقینی بنائی جا سکے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معیاری فلمیں ملک اور صوبے کی ثقافت، تاریخ، سیاحت اور سماجی اقدار کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں، اس لیے فلمی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، جدید تقاضوں اور بین الاقوامی معیار کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فلموں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، لہذا او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کو موثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت کے فلمی منصوبوں کو وسیع پیمانے پر متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فلم انڈسٹری کے فروغ سے نہ صرف نوجوان تخلیق کاروں، ہدایت کاروں، مصنفین اور فنکاروں کو نئے مواقع میسر آئیں گے بلکہ سندھ کی مثبت اور روشن تصویر بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اجاگر ہوگی۔