سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل ہے ، بھارت کو معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا ہوگا،صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی

سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل ہے ، بھارت کو معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا ہوگا،صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی

کوئٹہ۔ 01 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے عالمی ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کو پاکستان کی بہت بڑی قانونی اور سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔منگل کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت نے پاکستان کے اصولی موقف کو تسلیم کرتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے میں کوئی بھی ترمیم یا تبدیلی نہیں کر سکتا اور نہ ہی اس سے پیچھے ہٹ سکتا ہے، یہ معاہدہ دونوں ممالک پر یکساں طور پر لازم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے بھارتی ہٹ دھرمی کو عالمی سطح پر شدید قانونی دھچکا لگا ہے اور پاکستان کا موقف مزید مضبوط ہو کر سامنے آیا ہے۔میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان اپنے دریاؤں پر کسی بھی غیر قانونی تعمیر یا پانی کی چوری کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو اس تاریخی معاہدے کی مکمل پاسداری کا پابند بنائے، ثالثی عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ بھارت کی جانب سے بتائی گئی کوئی بھی بنیاد معاہدے کی معطلی یا خاتمے کا جواز پیش نہیں کر سکتی، سندھ طاس معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل ہے اور بھارت کو معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو مغربی دریاوں پر اپنے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں کے ڈیزائن اور آپریشن سے متعلق ذمہ داریاں بھی پوری کرنا ہوں گی، عالمی ثالثی عدالت نے پاکستان کی درخواست پر بھارت پر عبوری اقدامات بھی عائد کر دیے، عدالت نے بھارت کو راتلے ڈیم کی دیوار اور پانی کے انٹیک ڈھانچے کو مخصوص سطحوں سے اوپر کرنے سے روک دیا اور حکم دیا کہ نیوٹرل ایکسپرٹ کے حتمی فیصلے کے 90 دن بعد تک بھارت راتلے ڈیم کی تعمیر پر کام بند رکھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور قانونی محاذ پر کامیابی اور عالمی قوانین کے مطابق سنجیدہ کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان اقوام عالم اور خصوصاً خطے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری اور اصولوں پر مبنی تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔