حیدرآباد۔ 14 جون (اے پی پی):سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد کی کارروائی، مضر صحت جوس کے ہزاروں ڈبے تلف کردئیے، جوس کے ڈبے ٹنڈو محمد خان سے بدین لیجائے جارہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر فدا حسین کھوسو کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹرک نمبر ایل ٹی 1350 کو روکتےہوئے اس میں موجودمضر صحت جوس کے ہزاروں ڈبے برآمد کرلئے جو کہ ٹنڈو محمد خان سے بدین بھیجے جا رہے تھے۔
مضر صحت جوس کے ہزاروں ڈبوں کو موقع پر ہی ضائع کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فدا حسین کھوسو نے کہا کہ اس مضر صحت جوس سے جگر، معدے اور دیگر بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔ سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد اپنی حدود میں کھانے پینے کی مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کررہی ہے۔ اس موقع پر اسٹنٹ ڈائریکٹر شوکت علی بھی موجود تھے۔