اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے گذشتہ سال کے دوران نئے بانڈز کے اجراء سے 1.65 ٹریلین روپے کی بچتیں حاصل کیں۔
سی ڈی این ایس کے ایک اہلکار نے ”اے پی پی” کو بتایا کہ گذشتہ سال یکم جولائی سے لے کر رواں سال 25 جون تک کی مدت میں سی ڈی این ایس نے نئے بانڈز کے اجراء کے ذریعے 1.65 ٹریلین روپے کی بچتیں حاصل کیں جو مجموعی ہدف کا 95 فیصد ہے۔
گذشتہ مالی سال کے دوران ادارہ نے مجموعی طور پر 1.742 ٹریلین روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ میں اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔ ادارہ کے صارفین کیلئے اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔
گذشتہ مالی سال کے دوران اسلامی مالیات کے حوالہ سے بھی اقدامات کئے گئے اور اسلامی مالیات کے تحت 75 ارب روپے کی بچتوں کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس میں کافی حد تک پیشرفت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مالیات کے حوالہ سے نئی مصنوعات کے اجراء کے حوالہ سے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔