سوئٹزرلینڈ نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک پاکستان اورقطر کی جانب سے 22 جون کو جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کا امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بارے پاکستان اورقطر کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم
برن۔22جون (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک پاکستان اورقطر کی جانب سے 22 جون کو جاری کیے گئے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کیا ہے۔بی بی سی کے مطابق سوئس حکومت کی جانب سے جاری بیان میں خاص طور پر اس بات کا خیرمقدم کیا گیا ہے کہ فریقین نے 60 روز کے اندر حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ روڈ میپ نئے تکنیکی مذاکرات کے فوری آغاز کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ثالث ممالک، ایران اور امریکا کے درمیان 21 اور 22 جون کی شب برگن سٹاک میں جاری رہنے والے انتہائی اہم سفارتی مذاکرات کے دوران ہونے والی تعمیری پیش رفت حوصلہ افزا ہے۔ سوئس حکومت نے اپنے بیان میں کہا کہ فریقین کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کا فیصلہ ایک مثبت قدم ہے، جو سیاسی اور تکنیکی عمل کے اگلے مرحلے کو منظم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔سوئس حکومت نے اس عمل میں اپنی سفارت کاری کے تحت تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوشش ہے کہ سفارتی اقدامات کشیدگی میں کمی، استحکام اور پائیدار امن کے فروغ میں معاون ثابت ہوں۔









