خیبر پختونخوا بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے فائنل میں بلوچستان بلائنڈ ٹیم کو ہرا کر 9 ویں پی بی سی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ اپنے نام کر لی

خیبر پختونخوا بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سپر لیگ کا فائنل جیت لیا، بلوچستان کو 11 رنز سے شکست

ایبٹ آباد۔ 22 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 9 ویں پی بی سی سی بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ کے فائنل میں بلوچستان بلائنڈ ٹیم کو 11 رنز سے شکست دیکر بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ اپنے نام کر لی۔ اس موقع پر چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ، چیئرمین ایبٹ آباد ثانوی تعلیمی بورڈ عنایت اللہ وسیم اور سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

ایبٹ آباد پبلک سکول اینڈ کالج گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے فائنل میچ میں خیبر پختونخوا بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 201 رن بنائے جن میں ثناء اللہ خان مروت ان کے سب سے کامیاب سکور رہے۔ انہوں نے 22 گیندوں پر 45 رنز بنائے، کامران 39 اور اکمل حسنات ناصر اور عرفان 26، 26 اور جبران 24 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں سکورر رہے۔ بلوچستان کی جانب سے بشیر احمد نے 2 اور نعمت اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ خیبر پختونخوا کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بلوچستان کے محمد راشد کی ناقابل شکست سنچری بھی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکی۔ انہوں نے 60 گیندوں پر 105 رنز بنائے جن میں 13 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جبکہ نعمت اللہ نے 37 رنز سکور کئے۔ مقررہ 20 اوورز میں بلوچستان کی ٹیم تمام تر کوشش کے باوجود 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 190 رنز بنا سکی اور وہ 11 رنز کی دوری سے ٹائٹل سے محروم رہی اور یوں ایک سنسنی خیز مقابلہ کے بعد یہ فتح خیبر پختونخوا کے ہاتھ رہی۔ خیبر پختونخوا کے بدر منیر، کامران اختر اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ لی۔ میچ میں کامران اختر کو ان کی آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ کیٹگری بی ون میں ادریس سلیم، بی ٹو کیٹگری میں بدر منیر اور بی تھری کیٹگری میں کامران اختر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا جبکہ احتشام الحق ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔ میچ کے اختتام پر چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ عنایت اللہ وسیم اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید سلطان شاہ، سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ ویمن میڈیکل کالج ایبٹ آباد کے ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ سیل آصف محمود خان اور پرنسپل گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ فار بلائنڈ ایبٹ آباد کے پرنسپل سعادت علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔