صوبے کے تعلیمی اداروں میں سمر کیمپ کا انعقاد خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اچھا اور اہم اقدام ہے ،ارشد ایوب خان

خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں سمر کیمپ کا انعقاد خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اچھا اور اہم اقدام ہے جس سے صوبے کے طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر صحت مند سرگرمیاں میسر آ سکیں گی

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں سمر کیمپ کا انعقاد خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اچھا اور اہم اقدام ہے جس سے صوبے کے طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر صحت مند سرگرمیاں میسر آ سکیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز صوبے کے طلبہ کے لئے پشاور میں سمر کیمپ کے انعقاد سے متعلق منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن محمد خالد، ایڈیشنل سیکرٹری حیات شاہ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر جنرل ای ایم اے عون حیدر، ڈائریکٹر ای ایم آئی ایس صلاح الدین جبکہ صوبے کے مختلف بورڈز چیئرمینوں اور ضلی انتظامیہ نے آن لائن شرکت کی۔ اس موقع پر سمر کیمپ کے انعقاد کے لیے کئے جانے والے اقدامات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سمر زون کیمپ کو پرامن ماحول میں منعقدکرانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سمر کیمپ کے لئے موزوں اور موثر انتظامی پلان تیار کیا جائے جس میں تمام ضلعی ایڈمنسٹریشن اور پولیس سے باقاعدہ طور پر این او سی لی جائے جبکہ جولائی کے مہینے میں خاص طور پر مون سون کی بارشوں کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے پلان بی بھی تیار کیا جائے اور اس ضمن میں پی ڈی ایم اے سے بھی قریبی رابطہ رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سمر کیمپ میں بچوں کو سو فیصد سکیورٹی، رہائش، کھانے پینے کے معیاری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سمر کیمپس صوبے کے بچوں کے لئے ایک یاد گار لمحات ثابت ہوں گے اور ان سمر کیمپس میں طلبہ بہت کچھ سیکھ سکیں گے۔ اس موقع پر سمرکیمپس کے بہترین انعقاد کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم کی سرپرستی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاکہ بہتر انداز میں سمر کیمپس کے لئے اقدامات اٹھائے جس سکیں۔