پاکستان مسلم لیگ (ن )کے نو منتخب رکن اسمبلی ملک کفایت الرحمن بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہو گئے

گلگت بلتستان اسمبلی میں ملک کفایت الرحمن بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب

گلگت۔ 22 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب رکن گلگت بلتستان اسمبلی ملک کفایت الرحمن بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہو گئے۔

ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لیے مقررہ وقت تک ملک کفایت الرحمن کے علاوہ کسی اور امیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے، جس کے باعث انہیں بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا۔نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کے بعد ملک کفایت الرحمن کو باضابطہ طور پر ڈپٹی سپیکر منتخب قرار دیا گیا۔ ان کے بلا مقابلہ انتخاب پر اسمبلی اراکین اور سیاسی رہنماؤں نے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملک کفایت سابق سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ملک مسکین مرحوم کے فرزند ہیں اور پہلی دفعہ گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے عمران ندیم بھی بلا مقابلہ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، جس کے بعد اسمبلی کی دونوں اہم آئینی نشستوں پر انتخابی عمل مکمل ہو گیا ہے۔