لیسکو میں بدعنوانی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائی، میٹر ریڈر ملازمت سے برطرف

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر ادارے میں احتساب اور شفافیت کے فروغ کے لیے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں

لاہور۔22جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر ادارے میں احتساب اور شفافیت کے فروغ کے لیے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر (آپریشن)سنٹرل سرکل لیسکو نے اچھرہ سب ڈویژن کے میٹر ریڈر غلام مصطفی کو محکمانہ انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے فوری طور پر برطرف کر دیا ہے۔ترجمان لیسکوکے مطابق متعلقہ ملازم کے خلاف مس کنڈکٹ کے الزام پر باقاعدہ محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ملازم کو شوکاز نوٹس، دفاع اور ذاتی سماعت سمیت تمام قانونی مواقع فراہم کیے گئے جبکہ معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری آفیسر بھی مقرر کیا گیا۔ انکوائری رپورٹ میں الزامات ثابت ہونے اور تمام ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد مجاز اتھارٹی نے ملازم کو فوری طور پر سروس سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے واضح کیا ہے کہ ادارے میں بدعنوانی، بے ضابطگی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قواعد کے مطابق سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔