سیالکوٹ پولیس کا پتنگ فروشی کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ہزار سے زائد پتنگیں اور متعدد چرخیاں برآمد، 3 ملزمان گرفتار

سیالکوٹ کے تھانہ سول لائن پولیس نے پتنگ فروشی کے خلاف بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد پتنگیں اور متعدد چرخیاں و ڈوریں برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا

سیالکوٹ۔22جون (اے پی پی):سیالکوٹ کے تھانہ سول لائن پولیس نے پتنگ فروشی کے خلاف بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد پتنگیں اور متعدد چرخیاں و ڈوریں برآمد کر کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کی ہدایات پر ڈی ایس پی سٹی سرکل کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سول لائن میاں محمد شہباز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مخبر کی اطلاع پر تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔

پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم نشان احمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 108 پتنگیں اور متعدد چرخیاں و ڈوریں برآمد کیں جبکہ ملزم محمد ریاض کے قبضے سے 800 پتنگیں اور بڑی تعداد میں چرخیاں برآمد ہوئیں۔ اسی طرح ملزم حمزہ شبیر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے تقریباً 200 پتنگیں اور متعدد چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان کے مطابق تینوں ملزمان کے خلاف کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے انہیں پابند سلاسل کر دیا گیا ہے ۔