گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ملاقات

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ملاقات کی۔خیبرپختونخوا چیمپئن لیگ کے سی ایل کے سی ای او سہیل کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صوبے میں کھیلوں کےفروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خیبرپختونخوا چیمپئن لیگ کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرزمین ہے اور صوبے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو مثبت سمت ملتی ہے بلکہ صوبے کا مثبت تشخص بھی اجاگر ہوتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا چیمپئن لیگ کےانعقاد سے مقامی سطح پرموجود ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملے گا اور نوجوان کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں گے۔اس موقع پرشاہین شاہ آفریدی نے صوبے میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری سہولیات اور پلیٹ فارمز کی فراہمی سے پاکستان کو مستقبل کے بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے۔