پی ڈی ایم اے کی زلزلے بارے رپورٹ جاری،پنجاب میں زلزلے کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا،ترجمان

پی ڈی ایم اے کی زلزلے سے متعلق رپورٹ جاری، پنجاب میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں

لاہور۔22جون (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے زلزلے کے بارے میں رپورٹ جاری کر دی، پنجاب میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ترجمان کے مطابق پیر کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت راولپنڈی، اٹک، چکوال،میانوالی، ملتان، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت5.4 ریکارڈ کی گئی ۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن تھا۔ زلزلے کی گہرائی 215 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے۔ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز24/7 فعال ہیں۔ زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔