ہیلتھ سروسز اکیڈمی اسلام آباد میں فارماکوویجیلنس اور ڈرگ سیفٹی سرٹیفکیٹ پروگرام کے داخلوں کا اعلان
ہیلتھ سروسز اکیڈمی کا فارماکوویجیلنس اینڈ ڈرگ سیفٹی میں چار ماہ دورانیے کے سرٹیفکیٹ پروگرام کے لئے داخلوں کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) اسلام آباد نے فارماکوویجیلنس اینڈ ڈرگ سیفٹی میں چار ماہ دورانیے کے سرٹیفکیٹ پروگرام کے لئے داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ پروگرام ادویات کی حفاظت، مضر اثرات کی نگرانی اور مریضوں کے تحفظ کے شعبوں میں پیشہ وارانہ مہارتوں کے فروغ کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔ اکیڈمی کے مطابق پروگرام کے دوران شرکاء کو فارماکوویجیلنس اور ڈرگ سیفٹی کا تعارف، ایڈورس ڈرگ ری ایکشن (اے ڈی آر ) رپورٹنگ، سگنل ڈیٹیکشن اور رسک مینجمنٹ، ریگولیٹری تقاضوں اور رہنما اصولوں، ویکسین اور طبی آلات کی سیفٹی مانیٹرنگ، کلینیکل پریکٹس میں فارماکوویجیلنس اور عملی کیس سٹڈیز پر مشتمل تربیت فراہم کی جائے گی۔ اشتہار کے مطابق کورس کی مدت چار ماہ جبکہ فیس 65 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ پروگرام میں ایم بی بی ایس ڈاکٹرز، فارماسسٹس، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز، لائف سائنسز کے ماہرین، محققین، فارماسیوٹیکل انڈسٹری سے وابستہ افراد اور صحت کے شعبے کے طلبہ و گریجویٹس درخواست دے سکتے ہیں۔ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ادویات کے محفوظ استعمال، مضر اثرات کی بروقت نشاندہی، خطرات کے تجزیے اور ریگولیٹری تعمیل کے شعبوں میں افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ مریضوں کی حفاظت اور صحت عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








