آٹھ ایرانی ماہی گیروں کو کراچی سے واپس وطن بھجوا دیا گیا

برطانوی جہاز ’’ایم ایم اے ویلر‘‘ کے ذریعے سمندر میں بچائے جانے والے آٹھ ایرانی ماہی گیروں جن کی کشتی پھنس گئی تھی کو کامیابی کے ساتھ وطن واپس بھیج دیا گیا ہے

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):برطانوی جہاز ’’ایم ایم اے ویلر‘‘ کے ذریعے سمندر میں بچائے جانے والے آٹھ ایرانی ماہی گیروں جن کی کشتی پھنس گئی تھی کو کامیابی کے ساتھ وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔ یہ بات نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتائی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں​یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایرانی ماہی گیر پیر کو کراچی سے ایران کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ​پاکستان کی وزارت خارجہ اور تمام متعلقہ حکام نے ایرانی بھائیوں کی محفوظ منتقلی اور ان کی جلد وطن واپسی کو ممکن بنانے کے لیے ایرانی اور برطانوی حکام کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ​ہم اپنے شہریوں کے معاملے کو سنبھالنے کے لیے ایران اور عباس عراقچی کی جانب سے پاکستان پر کیے جانے والے اعتماد کو سراہتے ہیں اور ان کی محفوظ واپسی کو ممکن بنانے میں تمام شراکت داروں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔