سوئی گیس ٹاسک فورس ملتان کا کریک ڈاؤن، ایک ڈائریکٹ کنکشن اور دو میٹر منقطع

سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 55 مقامات کی چیکنگ

ملتان۔ 30 جون (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 55 مقامات کی چیکنگ کے دوران ایک ڈائریکٹ گیس کنکشن منقطع جبکہ کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر دو گیس میٹر بھی منقطع کر دیے۔ترجمان کے مطابق خصوصی مہم کے دوران ایک صارف ڈائریکٹ گیس استعمال کرتے ہوئے پایا گیا جس کا کنکشن فوری طور پر منقطع کر دیا گیا۔ اسی طرح دو صارفین کمپریسر کے استعمال کے باعث قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جن کے گیس میٹر بھی منقطع کر دیے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری کی روک تھام، گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل لیکیج کا ضرور جائزہ لیں اور اگر کہیں گیس کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر تمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں جبکہ گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری، غیر قانونی کنکشنز اور قواعد کی خلاف ورزی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔