سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے یو ایف جی کنٹرول مہم کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا۔
سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائی، گیس چوری اور غیر قانونی استعمال پر 5 میٹر منقطع

مزید خبریں
ملتان۔ 10 جولائی (اے پی پی):سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔
حالیہ آپریشن کے دوران ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں قواعد کی خلاف ورزی پر 5 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ایک صارف کمرشل مقاصد کے لیے غیر قانونی طور پر گیس استعمال کرتے ہوئے پایا گیا جبکہ چار صارفین کمپریسر کے استعمال کے باعث گیس قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے۔ ان تمام صارفین کے گیس میٹر فوری طور پر منقطع کر دیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے ساتھ ساتھ گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے کہا کہ صارفین کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل اس بات کی تسلی کر لیں کہ کہیں گیس کی بو تو محسوس نہیں ہو رہی۔ اگر کسی بھی مقام پر گیس کی بو محسوس ہو تو فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کریں، بلکہ متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری، غیر قانونی کنکشنز اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ تمام صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








