سوات، ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر کے اعزاز میں ایس پی ٹریفک وارڈن آفس میں الوداعی تقریب

ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر کے اعزاز میں ایس پی ٹریفک وارڈن آفس میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا

پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر کے اعزاز میں ایس پی ٹریفک وارڈن آفس میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تر جمان سوات ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک وارڈن سوات پرویز خان کی جانب سے محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر کے اعزاز میں ایس پی ٹریفک وارڈن آفس سیدو شریف میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ٹریفک وارڈن سوات رحمت علی خان، ڈی ایس پی ٹریفک وارڈن لوئر سوات علیم خان، انچارج سیکٹر سٹی سرفراز خان، لائن آفیسر محمد افضل خان سمیت دیگر پولیس افسران اور دفتری عملے نے شرکت کی۔اس موقع پر ایس پی ٹریفک وارڈن پرویز خان نے ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر کی محکمہ پولیس کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمت میں ریٹائرمنٹ ایک فطری اور طے شدہ مرحلہ ہے، تاہم عزت، وقار اور نیک نامی کے ساتھ اپنی ملازمت مکمل کرنا ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد ظاہر نے اپنے فرائض انتہائی دیانتداری، محنت اور خوش اخلاقی سے انجام دیے، جس پر محکمہ پولیس انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ایس پی ٹریفک وارڈن نے کہا کہ محکمہ پولیس کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے لیے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے ریٹائرڈ آفیسر کی آئندہ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔تقریب کے دوران شرکانے بھی محمد ظاہر کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر نے اپنے خطاب میں ڈی پی او سوات، ایس پی ٹریفک وارڈن سوات، محکمہ پولیس اور اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی تقریب کو باعثِ افتخار قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر ایس پی ٹریفک وارڈن پرویز خان اور دیگر افسران نے ریٹائر ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل محمد ظاہر کو اعزازی شیلڈز اور سووینئرز پیش کیے اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔