سوتی دھاگہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر38فیصد کمی

production of air conditioners
production of air conditioners

اسلام آباد۔29مارچ (اے پی پی):سوتی دھاگہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر38فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری تک کی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو505 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 38فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو816ملین ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔فروری کے مہینے میں سوتی دھاگہ کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر57فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فروری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 56ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال فروری میں 128ملین ڈالر تھا۔

جنوری کے مقابلے میں فروری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر18فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جنوری میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 68 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو فروری میں کم ہوکر56ملین ڈالر ہوگیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر11.1فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 11.21 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12.61ارب ڈالر تھا۔