اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنی کی رجسٹریشن ضروری ہے، اس سلسلے میں متعلقہ کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو رجسٹر کرائیں۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر محمد اکرم، افنان اللہ، اور شہادت اعوان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت غیر قانونی مواد کی اشاعت کو روکنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں پالیسی واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنی کی رجسٹریشن کا طریقہ کار اور فارم موجود ہیں، اس سلسلے میں کمپنیوں کو چاہیے کہ ریگولیٹرکے پاس اپنے آپ کو رجسٹر کرائیں، پہلے مرحلے میں ابھی کچھ کمپنیوں سے بات چیت ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جو کمپنیاں رجسٹر نہیں ہیں وہ اپنے آپ کو رجسٹر کرائیں۔