اسلام آباد ۔15نومبر (اے پی پی):سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیرانتظام موئنجودڑو ائیرپورٹ پر فل سکیل فائر ایمرجنسی ایکسرسائز کا انعقاد کیاگیا ۔ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق فل سکیل ایمرجنسی ایکسرسائز میں فرضی ہوائی حادثہ سے لگی آگ سے نمٹنے کی مشق کی گئی۔مشق کا مقصد ایمرجنسی رسپانس پلان کے تمام اندرونی اور بیرونی اسٹیک ہولڈرز کی افادیت کو جانچنا تھا۔
مشق سے پہلے تمام سٹیک ہولڈرز کو بریفنگ دی گئی ۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی کریش فائر ٹینڈرز 02 منٹ کے اندر اندر فرضی جائے وقوعہ پہنچے۔کریش فائر ٹینڈرز نے ایک منٹ کے اندر اندر ایندھن سے لگائی گئی آگ پر قابو پایا جبکہ سی اے اے فائر فائٹرز نے زخمیوں کو ایمبولینسز تک پہنچایا۔مشق انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی قوانین کی پیروی میں ہر دوسال ایک مرتبہ منعقد کی جاتی ہے۔