سول سروس کے انفارمیشن گروپ کے افسران کا زبید ﷲ خان کے قتل پر اظہار تعزیت

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) پاکستان کے سول سروس کے انفارمیشن گروپ کے افسران نے 30ویں سی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے افسر زبید ﷲ خان کے عید کے دن شمالی وزیرستان میں قتل پر دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ زبید اﷲ خان کے قتل کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ بدھ کو پی …

اسلام آباد ۔ 27 مئی (اے پی پی) پاکستان کے سول سروس کے انفارمیشن گروپ کے افسران نے 30ویں سی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے افسر زبید ﷲ خان کے عید کے دن شمالی وزیرستان میں قتل پر دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ زبید اﷲ خان کے قتل کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ بدھ کو پی آئی ڈی سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق انفارمیشن گروپ کے افسران نے کہا ہے کہ انہیں اپنے دوست اور ساتھی افسر کی بے وقت موت پر دلی صدمہ ہوا ہے اور بہت سے افسران ان کے ساتھ کام بھی کر چکے ہیں، وہ ایک انتہائی محنتی اور ذمہ دار افسر تھے اور ساتھیوں میں ان کا بہت احترام پایا جاتا تھا۔ انفارمیشن گروپ کے افسران نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت جگہ عطاءفرمائے۔ واضح رہے کہ زبید اﷲ خان کو ان کے انکل اور کزن کے ساتھ میر علی شمالی وزیرستان کے گاﺅں ہاسو خیل میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عیدالفطر کے پہلے روز گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ بظاہر یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے، حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ مرحوم زبید اﷲ خان کا تعلق داوڑ قبیلہ سے تھا اور وہ اپنے خاندان کے ساتھ عیدالفطر منانے کیلئے اپنے گاﺅں گئے تھے۔ بظاہر زبید اﷲ خان کو کسی قسم کی دھمکی نہیں ملی تھی اور وہ اکثر غمی خوشی کے موقع پر ہی اسلام آباد سے گاﺅں جاتے تھے۔