ریاض ۔2اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن حکومت کی طرف سے انتہا پسندوں کو قرآن مجید کی بے حرمتی کی اجازت دینا انتہائی افسوسناک ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ متعدد یورپی ممالک میں اس طرح کے واقعات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔وزارت خارجہ نے سویڈن حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اشتعال، نفرت اور تفرقہ پیدا کرنے والے اس طرح کے واقعات کی فوری روک تھام کرتے ہوئے انتہا پسندوں کو اجازت نامے جاری نہ کرے۔