سٹیلانٹس کا فنی خرابی کے باعث 3 لاکھ 75 ہزار جیپ ایس یو ویز واپس منگوانے کا اعلان، آگ لگنے کے خدشے پر مالکان کو گاڑیاں باہر پارک کرنے کی ہدایت

واشنگٹن۔5نومبر (اے پی پی):ملٹی نیشنل کار ساز کمپنی سٹیلانٹس (Stellantis) نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں 3 لاکھ 75 ہزار پلگ اِن ہائبرڈ جیپ رینگلر اور گرینڈ چروکی ایس یو ویز واپس منگوا رہی ہے جس کی وجہ بیٹری میں خرابی کے باعث آگ لگنے کے 19 واقعات کا رپورٹ ہونا بتایا گیاہے ۔ رائٹرز کے مطابق کمپنی نے گاڑی مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ مسئلہ …

واشنگٹن۔5نومبر (اے پی پی):ملٹی نیشنل کار ساز کمپنی سٹیلانٹس (Stellantis) نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں 3 لاکھ 75 ہزار پلگ اِن ہائبرڈ جیپ رینگلر اور گرینڈ چروکی ایس یو ویز واپس منگوا رہی ہے جس کی وجہ بیٹری میں خرابی کے باعث آگ لگنے کے 19 واقعات کا رپورٹ ہونا بتایا گیاہے ۔ رائٹرز کے مطابق کمپنی نے گاڑی مالکان کو مشورہ دیا ہے کہ مسئلہ حل ہونے تک گاڑیاں عمارتوں سے دور پارک کریں اور انہیں چارج نہ کریں۔یہ ’’ری کال‘‘ 2020 سے 2025 تک کے جیپ رینگلر 4xe اور 2022 سے 2026 تک کے جیپ گرینڈ چروکی 4xe ماڈلز پر مشتمل ہے۔ کمپنی کے مطابق مرمتی عمل جلد شروع کیا جائے گا تاہم اس وقت تک احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

سٹیلانٹس نے امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کو بتایا کہ 19 آگ لگنے اور ایک زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں سے تقریباً 3 لاکھ 20 ہزار امریکا میں ہیں۔کمپنی نے کہا کہ یہ بیٹریاں سام سنگ ایس ڈی آئی نے تیار کیں۔ سٹیلانٹس اور سام سنگ ایس ڈی آئی کی مشترکہ تحقیقات سے پتہ چلا کہ رواں سال کے آغاز میں لگنے والی ایک آگ اسی خرابی کے باعث تھی جس کی وجہ سے 2024 میں 1.54 لاکھ پلگ اِن ہائبرڈ جیپ گاڑیاں واپس منگوائی گئی تھیں۔

این ایچ ٹی ایس اے کے مطابق 2023 اور 2024 میں مرمت کی گئی گاڑیوں کو دوبارہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہوگی۔سٹیلانٹس نے بتایا کہ نو آگ لگنے کے واقعات ان گاڑیوں میں ہوئے جن میں 2024 کی ریکال کے تحت سافٹ ویئر اپڈیٹ دیا گیا تھا جبکہ 10 واقعات ان گاڑیوں میں ہوئے جو اس دائرہ کار میں شامل نہیں تھیں۔واضح رہے کہ فرانسیسی-امریکی آٹو کمپنی سٹیلانٹس نے اکتوبر میں بھی امریکا میں 2 لاکھ 98 ہزار گاڑیاں ممکنہ رول اوے خطرے کے باعث واپس منگوائی تھیں۔

 

مزید خبریں