پشاور۔ 10 فروری (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کالے شیشوں کے استعمال پر 392 افراد کے خلاف کارروائی کرتےہوئے جرمانے عائد کیے۔ ٹریفک افسران نے کارروائیوں کے دوران گاڑیوں کے شیشوں سے کالے سٹکرز اتار ےاورہدایت کی کہ وہ آئندہ کالے شیشوں کے استعمال سے گریز کریں۔
چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری کالے شیشوں کے استعمال سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
اس ضمن میں ٹریفک پولیس نے پورے شہر میں ایسے سٹکرز بیچنے والے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں کی گاڑیوں پر کالے سٹکرز لگانے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر قانونی کارروائی کی جائیگی۔