سٹی ٹریفک پولیس کا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات

سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک کے بہائو میں بہتری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

لاہور۔30اپریل (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے ٹریفک کے بہائو میں بہتری، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ترپال ریت بردار گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او نے مزید ہدایت کی کہ لوڈر گاڑیاں اور رکشے شہریوں کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں، ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ سرکل افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ رات کے اوقات میں چلنے والی ہیوی گاڑیوں کے پیچھے لازمی طور پر رفلیکٹنگ ٹیپ کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹس کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کوئی بھی گاڑی شہر میں داخل نہیں ہونے دی جائے گی۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے ان اقدامات کا مقصد شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا اور شہر میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔