اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کے دوران جیل میں ان کی موجودہ صورتحال اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا ہے۔ عدالت نے سلمان صفدر کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیل جا کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں اور تمام صورتحال …
سپریم کورٹ، توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈووکیٹ سلمان صفدر فرینڈ آف دی کورٹ مقرر

مزید خبریں
اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کے دوران جیل میں ان کی موجودہ صورتحال اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کر دیا ہے۔ عدالت نے سلمان صفدر کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیل جا کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں اور تمام صورتحال پر مشتمل تحریری رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔ بانی پی ٹی آئی سے متعلق کیس کی سماعت منگل کو سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی ۔ بنچ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل تھے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سلمان صفدر کو عدالتی نمائندہ مقرر کرتے ہوئے حکم دیا کہ وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی موجودہ حالت، صحت، سہولیات اور مجموعی صورتحال کا مشاہدہ کریں اور اس حوالے سے جامع رپورٹ پیش کریں۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے بھی بانی پی ٹی آئی کی جیل میں موجودہ صورتحال سے متعلق الگ رپورٹ طلب کی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے عدالت میں پانچ اگست سے اٹھارہ اگست 2023تک کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ یہ رپورٹ اٹک جیل میں قید کے دوران کی ہے۔ چیف جسٹس نے سلمان صفدر کو فوری طور پر جیل جانے کی ہدایت کی اور اٹارنی جنرل کو تاکید کی کہ ملاقات میں کسی قسم کا مسئلہ پیش نہ آئے۔
چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے مکالمے میں کہا کہ اگر ملاقات کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا مشکل پیش آئے تو وہ براہِ راست عدالت سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سماعت کے دوران وکیل لطیف کھوسہ بھی روسٹرم پر آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اس حوالے سے واضح حکم جاری کر چکی ہے اور سلمان صفدر آج ہی جیل جائیں گے۔سپریم کورٹ نے دونوں رپورٹس موصول ہونے کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12فروری جمعرات تک ملتوی کر دی۔








