تھری نیشن ٹی 20 سیریز کے لیے زمبابوے کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان، گریم کریمر کی واپسی، رچرڈ نگاراوا انفرڈ

زمبابوے نے نمیبیا اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا، جس میں 39 سالہ تجربہ کار سپنر گریم کریمر کی واپسی ہوئی ہے۔ سیریز 28 اگست سے ونڈہوک میں شروع ہوگی۔

ہرارے۔25اگست (اے پی پی):زمبابوے کرکٹ نے نمیبیا اور جنوبی افریقا کے خلاف 28 اگست سے ونڈہوک میں شروع ہونے والی ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں 39 سالہ تجربہ کار سپنر گریم کریمر کی واپسی ہوئی ہے۔ سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق بائیں بازو کی چوٹ سے صحتیاب ہونے والے گریم کریمر آل راؤنڈر سکندر رضا کی قیادت میں میدان میں اتریں گے۔

دوسری جانب فاسٹ باؤلر اور ون ڈے و ٹیسٹ ٹیم کے کپتان رچرڈ نگاراوا کمر کے نچلے حصے کی تکلیف کی وجہ سے انتخاب کے لیے دستیاب نہیں ہو سکے جبکہ فاسٹ باؤلر تاناکا چیوانگا ایکیلز ٹینڈن کی سرجری کے باعث باہر ہیں۔ حالیہ سیریز میں موقع نہ ملنے پر بیٹر برینڈن ٹیلر کو بھی سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے۔ ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ پر مبنی اس سیریز کا فائنل 6 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ بورڈ کو امید ہے کہ رچرڈ نگاراوا ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ اس کے بعد زمبابوے ٹیم نومبر میں متحدہ عرب امارات میں افغانستان کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔ ٹی 20 سیریز کے لیے زمبابوے کے 15 رکنی سکواڈ میں سکندر رضا (کپتان)، برائن بینیٹ، ریان برل، گریم کریمر، بین کرن، بریڈ ایونز، اینوسینٹ کایا، ویسلی مادھویرے، تادیواناشے مارومانی، ویلنگٹن مساکدزا، کنڈائی میٹیگیمو، بلیسنگ موزاربانی، ڈیون میئرز، نیومین نیاموری اور تفادزوا تسیگا شامل ہیں۔واضح رہے کہ تین ملکی سیریز کا پہلا میچ نمیبیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 28 اگست کو ونڈہوک میں کھیلا جائے گا۔