اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جنوبی سوڈان میں 2 امن فوجیوں کی ہلاکت کی مذمت

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جنوبی سوڈان میں 2 امن فوجیوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ۔25اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے جنوبی سوڈان میں 2 امن فوجیوں کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔

شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے جنوبی سوڈان کی ریاست جونگلی میں جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن (UNMISS) کے قافلے پر گشت کے دوران نامعلوم مسلح افراد کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق حملے میں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے2 امن فوجی ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں 3 ایتھوپیائی امن فوجی، جنوبی سوڈان کے2 پولیس اہلکار اور جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن کے2 سول ملازمین شامل ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے یاد دلایا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن فوجیوں پر حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔ تمام حملوں کی فوری تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف موثر قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ہلاک ہونے والے امن فوجیوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس انتہائی مشکل وقت میں متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے اقوام متحدہ کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔