خنجراب پاس کے ذریعے پاک چین تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ، پاکستانی مصنوعات کی چین اور وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی وسیع، تجارتی روابط مزید مستحکم ہو گئے۔
خنجراب پاس کے ذریعے پاک چین تجارت اور برآمدات میں نمایاں اضافہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اگست (اے پی پی):خنجراب پاس کے ذریعے پاک چین تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کی چین اور وسطی ایشیائی ممالک کی منڈیوں تک رسائی میں وسعت اور تجارتی روابط میں مزید استحکام آ رہا ہے۔
پاکستان کسٹمز کے مطابق مالی سال 26-2025 کے دوران خنجراب پاس کے ذریعے چین سے درآمدات پر 15 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو حاصل کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ ریونیو 13.67 ارب روپے تھا۔پاکستان کسٹمز حکام کے مطابق خنجراب پاس کے ذریعے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کو 2.8 ارب روپے مالیت کی پاکستانی مصنوعات بھی برآمد کی گئیں۔ ٹرانسپورٹس انٹرنیشنل روٹیئرز (TIR) نظام کے تحت پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ٹی آ ئی آ رایک عالمی کسٹمز ٹرانزٹ نظام ہے جو مختلف ممالک کے درمیان سامان کی نقل و حمل کو تیز، محفوظ اور آسان بنانے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔خنجراب پاس کے ذریعے برآمد کی جانے والی پاکستانی مصنوعات میں جراحی سامان، ملبوسات، چاول، چمڑے کی مصنوعات، قالین، پھل، سبزیاں اور دستکاری شامل ہیں۔ پاکستان کسٹمز کے مطابق خنجراب پاس پر درآمدی اشیا ءکی مؤثر جانچ پڑتال اور مربوط نظام کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔خنجراب پاس کے ذریعے بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیاں پاکستان کے لیے چین اور وسطی ایشیا کی وسیع منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں جبکہ ملکی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھنے سے برآمدات اور اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔







