اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی سے متعلق پیر کو کیس کی سماعت کی۔ سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں ہوئی۔دورانِ سماعت بیرسٹر گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عمر ایوب نے اپنی تمام اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمر ایوب کی …
سپریم کورٹ ، عمر ایوب نے تمام درخواستیں واپس لے لیں، شبلی فراز کی اپیل پر نوٹس جاری
اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی سے متعلق پیر کو کیس کی سماعت کی۔ سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں ہوئی۔دورانِ سماعت بیرسٹر گوہر علی خان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عمر ایوب نے اپنی تمام اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمر ایوب کی نشست پر ان کی اہلیہ الیکشن لڑیں گی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف اپیل بھی واپس لی جا رہی ہے کیونکہ محمود خان اچکزئی کو بطور قائدِ حزبِ اختلاف نوٹیفائی کیا جا چکا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ شبلی فراز نے چیئرمین سینیٹ کے نوٹیفکیشن کے خلاف اپیل واپس لینے کی ہدایت دی ہے، تاہم الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست برقرار رکھی جائے گی۔
انہوں نے استدعا کی کہ شبلی فراز کی خالی نشست پر 30 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر نوٹسز جاری کیے جائیں۔عدالت نے شبلی فراز کی درخواست پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔









