سپریم کورٹ نے ایمان مزاری سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر کوئی ہنگامی صورت حال پیدا ہو تو فریقین جلد سماعت کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ میں ایمان مزاری کیس کی سماعت ملتوی

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے ایمان مزاری سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر کوئی ہنگامی صورت حال پیدا ہو تو فریقین جلد سماعت کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے منگل کو کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں یہی مقدمہ 24 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر ہو چکا ہے۔ایمان مزاری کے وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہونے کی وجہ سے ہائی کورٹ میں بھی سماعت مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پراسیکیوشن کی درخواست پر ملتوی ہوئی تھی اور ان کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق قانونی نکتے پر دلائل سن لیے جائیں بصورت دیگر کیس دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ میں بیٹھ کر ہائی کورٹ کی کارروائی کو ریگولیٹ نہیں کیا جا سکتا۔ اس پر فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ متعدد مقدمات میں سپریم کورٹ ہائی کورٹس کو احکامات جاری کرتی رہی ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے جواب میں کہا کہ ریگولیٹ کرنے اور احکامات جاری کرنے میں فرق ہے۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ اس انداز میں کیس ملتوی کرنا ہائی کورٹ کی کارروائی پر نگرانی کے مترادف ہوگا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار چاہتے ہیں کہ ہائی کورٹ کی کارروائی سپریم کورٹ کی نگرانی میں چلے، جس پر فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ پھر مقدمہ ہائی کورٹ میں ہی چلنے دیا جائے۔دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی اور ہدایت کی کہ اگر کوئی ہنگامی صورت حال پیدا ہو تو وکیل جلد سماعت کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔








