سپریم کورٹ میں سال 2025ء میں 22848 مقدمات دائر، 27228 مقدمات کے فیصلے ہوئے، مجموعی زیر ِالتواء مقدمات کم ہو کر 55951 رہ گئے، سپریم کورٹ اعلامیہ

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ میں سال 2025ء میں 22848 مقدمات دائر ہوئے، ایک لاکھ 61 ہزار 733 مقدمات مختلف عدالتوں میں سماعت کےلئے مقرر کئے گئے ، 27228 مقدمات کے فیصلے ہوئے، مجموعی زیر ِالتواء مقدمات 60410 سے کم ہو کر 55951 رہ گئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام کی بہتری پرتمام ججز اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اتوار کو …

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):سپریم کورٹ میں سال 2025ء میں 22848 مقدمات دائر ہوئے، ایک لاکھ 61 ہزار 733 مقدمات مختلف عدالتوں میں سماعت کےلئے مقرر کئے گئے ، 27228 مقدمات کے فیصلے ہوئے، مجموعی زیر ِالتواء مقدمات 60410 سے کم ہو کر 55951 رہ گئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام کی بہتری پرتمام ججز اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اتوار کو سپریم کورٹ آف پاکستان سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدلیہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں اصلاحات ادارہ جاتی تعاون کا نتیجہ اور ایک نئے دور کا آغاز ہیں، اصلاحات کا مقصد ایسا نظامِ انصاف ہے جو بر وقت، شفاف اور عوام دوست ہو۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 45 سال بعد سپریم کورٹ رولز 2025ء کے نفاذ سے ڈیجیٹل دور کا آغاز ہوا، سپریم کورٹ رولز 2025 ءکا مقصد شفافیت، تیز انصاف اور ڈیجیٹل سہولت فراہم کرنا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سال 2025ء میں 22848 مقدمات دائر ہوئے، ایک لاکھ 61 ہزار 733 مقدمات مختلف عدالتوں میں سماعت کےلئے مقرر کئے گئے ، 27228 مقدمات کے فیصلے ہوئے، مجموعی زیر ِالتواء مقدمات 60410 سے کم ہو کر 55951 رہ گئے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سزائے موت، عمر قید، خاندانی، ٹیکس، سروس مقدمات کو ترجیح دی گئی،

عدالتی کارکردگی کی نگرانی کے لیے جوڈیشل ڈیش بورڈ کا اجراء ہوا، ایکسیس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 1.64 ارب روپے کےریکارڈ فنڈز جاری ہوئے۔ سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کونسل نے 1 سال میں 130 شکایات نمٹائیں، جوڈیشل کمیشن آف پاکستان سیکریٹریٹ بھی قائم کیا گیا، جوڈیشل کمیشن کے 31 اجلاسوں میں 53 ججز کی تقرری کی سفارش کی گئی۔