سپریم کورٹ آف پاکستان نے ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کے تحت کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کے لئے بین الاقوامی معیار کی آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفکیشن حاصل کر لی ہے،
سپریم کورٹ نے بین الاقوامی معیار کی آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفکیشن حاصل کر لی

مزید خبریں
اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کے تحت کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کے لئے بین الاقوامی معیار کی آئی ایس او 9001:2015 سرٹیفکیشن حاصل کر لی ہے، انٹرسرٹ (INTERCERT) نے سپریم کورٹ کو یہ سرٹیفکیشن جاری کی۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق سرٹیفکیشن کا مقصد عدالتی انتظام، شفافیت، احتساب اور عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق بہتر بنانا ہے۔ اس کے دائرہ کار میں دیوانی، فوجداری، کرایہ داری اور خاندانی مقدمات کی حتمی اپیلوں کی سماعت، عدالتی فیصلوں پر نظرثانی، توہین عدالت کے اختیارات اور عدالتی احکامات و ڈگریوں کے اجراء اور نفاذ سے متعلق خدمات شامل ہیں۔سرٹیفکیشن کے تحت عدالتی انتظام، رجسٹری امور، مقدمات کے انتظام، عدالتی ریکارڈ کی طلبی و دیکھ بھال اور فیصلوں و قانونی نظائر کی اشاعت اور تحفظ کے انتظامی معاملات بھی شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے بین الاقوامی معیار کے مطابق جامع کوالٹی مینجمنٹ سسٹم قائم کیا ہے جس کے تحت ادارہ جاتی کوالٹی پالیسی، معیاری طریقہ کار، واضح ذمہ داریوں اور انتظامی امور کے لئے دستاویزی ورک فلو اور معیاری عملی طریقہ کار وضع کئے گئے ہیں۔نئے نظام میں داخلی آڈٹ، کارکردگی کی نگرانی، خطرات کا جائزہ اور اصلاحی اقدامات بھی شامل ہیں جن کا مقصد عدالتی انتظام میں یکسانیت، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس او سرٹیفکیشن سے سائلین، وکلاء اور دیگر عدالتی صارفین کو بہتر اور بروقت خدمات کی فراہمی میں مدد ملے گی جبکہ انتظامی تاخیر اور شہریوں کے غیر ضروری عدالتی چکروں میں کمی لانے کے لئے معیاری طریقہ کار اپنایا جائے گا۔اس نظام کے ذریعے عدالتی معلومات کی درستگی، قابل اعتماد ہونے اور بروقت فراہمی کو بہتر بنانے کے ساتھ درخواستوں اور عدالتی ریکارڈ سے متعلق کارروائی کو بھی مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ سپریم کورٹ کی آئی ایس او سرٹیفکیشن ڈیجیٹل اور عدالتی اصلاحات کے جاری پروگرام کا بھی حصہ ہے جس میں عدالتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، ای فائلنگ، الیکٹرانک مصدقہ نقول کی فراہمی، بہتر کیس مینجمنٹ اور عوامی سہولت مراکز کا قیام شامل ہے۔ان اصلاحات کا مقصد بالخصوص دور دراز علاقوں میں مقیم سائلین کے لئے عدالتی خدمات تک رسائی آسان بنانا اور نظام انصاف کو مزید قابل رسائی، شفاف اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ سپریم کورٹ نے بین الاقوامی معیار کے مطابق ادارہ جاتی کارکردگی میں مسلسل بہتری اور مؤثر، شفاف اور عوام دوست عدالتی خدمات کے ذریعے نظام انصاف پر عوامی اعتماد مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔







