سپریم کورٹ نے ماہرنگ بلوچ، بی بی بلوچ اور بی برگ کی درخواست ضمانتوں پر نوٹس جاری کر دیئے

سپریم کورٹ نے ماہرنگ بلوچ، بی بی بلوچ اور بی برگ کی درخواست ضمانتوں پر پراسیکیوٹر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے ماہرنگ بلوچ، بی بی بلوچ اور بی برگ کی درخواست ضمانتوں پر پراسیکیوٹر اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بدھ کو درخواستوں کی سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا تینوں درخواست گزاروں کے خلاف الگ الگ ایف آئی آرز درج ہیں؟ اس پر درخواست گزاروں کے وکیل جبران ناصر نے عدالت کو بتایا کہ تینوں موکلان کے خلاف الگ الگ ایف آئی آرز درج ہیں۔جسٹس محمد علی مظہر نے مزید پوچھا کہ مقدمات کا بنیادی ایشو کیا ہے اور ٹرائل کہاں تک پہنچا ہے؟ وکیل جبران ناصر نے بتایا کہ ماہرنگ بلوچ کے مقدمے میں چھ گواہوں میں سے دو کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔وکیل جبران ناصر نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی آر میں شامل تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔ اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ پہلے ایف آئی آر پڑھیں، یہ دفعات کیسے قابل ضمانت ہیں؟جبران ناصر نے عدالت کو بتایا کہ جن دفعات میں سزا تین سال یا اس سے کم ہو وہ قانون کے مطابق قابل ضمانت ہوتی ہیں، جبکہ ماہرنگ بلوچ کے خلاف شامل تمام دفعات کی سزا تین سال سے کم ہے۔دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر اور دیگر فریقین کو درخواست ضمانتوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔