31.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومقومی خبریںسپریم کورٹ کا لارجر بینچ 26 ویں آئینی ترمیم کے مقدمات کی...

سپریم کورٹ کا لارجر بینچ 26 ویں آئینی ترمیم کے مقدمات کی سماعت پیر کو کرے گا

- Advertisement -

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):سپریم کورٹ کا لارجر بنچ پیر 27 جنوری کو 26 ویں آئینی ترمیم کے مقدمات کی سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 ویں آ ئینی ترمیم کے مقدمات کی سماعت کے موقع پر فریقین اور ان کے وکلاء کی سہولت کے ساتھ ساتھ عدالتی وقار کو برقرار رکھنے اور عدالت کے امور کار کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے 27 جنوری کو سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد کے احاطے میں سکیورٹی کے خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ان اقدامات کے تحت کمرہ عدالت نمبر 2 میں بیٹھنے کی محدود گنجائش کے پیش نظر سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد کی جانب سے جاری کیے جانے والے خصوصی سکیورٹی پاسز کے ذریعے داخلے کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔کمرہ نمبر 2 میں صرف ان فریقین کو داخلے کی اجازت ہوگی جن کے مقدمات عدالت میں مقرر ہوں گے۔سپریم کورٹ کی کارروائی کے لیے معمول کے مطابق آنے والے وکلاء اور صحافیوں کو بھی کورٹ روم نمبر 2 میں داخلے کے لیے پاس جاری کیے جائیں گے۔البتہ دیگر وکلا اور صحافی جنہیں پاس جاری نہیں کیے جا سکے، انہیں کورٹ روم نمبر 6 اور 7 میں بٹھایا جائے گا جہاں آڈیو کی سہولت دی جائے گی۔

- Advertisement -

عدالت کی عمارت میں داخلے کی اجازت جانچ پڑتال اور تلاشی کے بعد دی جائے گی۔کمرہ عدالت کے اندر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ سائلین و وکلاء سمیت تمام افراد ان ہدایات پر عمل کریں گے اور عدالت کے احاطے میں ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی عملے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ سکیورٹی اہلکاروں اور ڈیلنگ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب کے ساتھ انتہائی خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551148

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں