سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کے وفاقی رکن کی سندھ سے تقرری سے متعلق مقدمہ کی سماعت 14 اکتوبر (منگل) کو کرے گا

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ارساکے وفاقی رکن کی سندھ سے تقرری سے متعلق اہم مقدمہ کی سماعت 14 اکتوبر (منگل) کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا پانچ رکنی بینچ کرے گا ۔ آئینی بنچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کریں گے جبکہ آئینی بنچ کے دیگر اراکین میں جسٹس جمال خان مندوخیل ،جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔ …

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):انڈس ریور سسٹم اتھارٹی ارساکے وفاقی رکن کی سندھ سے تقرری سے متعلق اہم مقدمہ کی سماعت 14 اکتوبر (منگل) کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا پانچ رکنی بینچ کرے گا ۔ آئینی بنچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کریں گے جبکہ آئینی بنچ کے دیگر اراکین میں جسٹس جمال خان مندوخیل ،جسٹس محمد علی مظہر ،جسٹس عامر فاروق اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔

یہ مقدمہ سندھ ہائی کورٹ کے 2017 کے فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق ہے جس میں قرار دیا گیا تھا کہ وفاقی رکن ارساکی تقرری صوبہ سندھ سے ہونی چاہیے۔ عدالت نے اس فیصلہ کو آئین کے آرٹیکل 270AA(2) کے تحت قانونی قرار دیا تھا اور بعد ازاں سپریم کورٹ نے وفاق کی اپیل خارج کرتے ہوئے یہ حکم برقرار رکھا تھا۔تاہم حالیہ عرصہ میں وفاقی حکومت کی جانب سے اسجد امتیاز علی کو وفاقی رکن ارسا مقرر کیے جانے پر تنازعہ پیدا ہوا، کیونکہ ان کا ڈومیسائل پنجاب کا بتایا گیا۔

سندھ حکومت اور دیگر فریقین نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ تقرری عدالت کے 2017 کے حکم کی صریح خلاف ورزی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی یہ تقرری کالعدم قرار دے دی تھی اور حکم دیا تھا کہ وفاقی رکن سندھ سے مقرر کیا جائے۔ عدالت نے وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل اور چیئرمین ارسا کو عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس بھی جاری کیے تھے۔کیس کے فریقین میں وفاقی حکومت، سندھ حکومت، چیئرمین ارسا اور وزارتِ آبی وسائل شامل ہیں۔