سپورٹس فیسٹیول کے تحت انڈر 20 مقابلے تیسرے روز بھی جاری رہے

103
Sports Complex

حیدرآباد۔ 27 نومبر (اے پی پی):ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ سپورٹس کے تعاون سے ڈسٹرکٹ شہید بینظیرآباد انڈر 20 سپورٹس فیسٹیول کے تحت تیسرے روز بھی کرکٹ، ہاکی و دیگر کھیلوں کے شاندار مقابلے منعقد کئے گئے۔ تیسرے روز نواب شاہ پیسرز اور سکرنڈ سٹارز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل میچ کھیلا گیا ،جو نواب شاہ پیسرز کی ٹیم نے 8 وکٹ سے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

سکرنڈ سٹارز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 113 رنز پر آئوٹ ہوگئی ،نواب شاہ پیسز کی ٹیم نے 11 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ دوسری جانب ہاکی کے شاندار مقابلے عسکری ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ،ہاکی کا پہلا میچ شاہ ولی اللہ ہائی سکول اور نیو سوسائٹی ہائی سکول کے مابین کھیلا گیا ،جو ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ دوسرا میچ افضال شاہ ہائی سکول اور میونسپل ہائی سکول کے مابین ہوا۔

جو میونسپل ہائی سکول نے یکطرفہ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے 5 گول سے جیت لیا اور تیسرا میچ کونسیپٹ پرائیویٹ ہائی سکول اور ڈی سی ہائی سکول کے مابین کھیلا گیا جو کونسیپٹ پرائیویٹ ہائی سکول نے یکطرفہ مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔ کھیلوں کے یہ مقابلے یکم دسمبر تک جاری رہیں گے۔