سپین ، جنگلات میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک

سپین کے جنوبی خودمختار علاقے اندلوسیا کے صوبہ المیریا میں جنگلات میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

میڈرڈ۔10جولائی (اے پی پی):سپین کے جنوبی خودمختار علاقے اندلوسیا کے صوبہ المیریا میں جنگلات میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق اندلوسیا کی 112 ایمرجنسی سروس نے بتایا ہے کہ گزشتہ سہہ پہر کو لوس گیارڈوس میں جنگلات میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، شدید گرمی، کم نمی اور تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے نواحی بلدیہ بیدار تک پھیل گئی ۔ علاقائی حکومت نے اندلوسیا میں جنگلاتی آگ کے ہنگامی منصوبے کے تحت لیول 1 ایمرجنسی نافذ کر دی،جس کے ساتھ ہی بیدار اور قریبی آبادیوں کو خالی کرا لیا گیا جبکہ A-7 موٹروے اور N-340A شاہراہ کے بعض حصے عارضی طور پر بند کر دیئے گئے۔ سرکاری بیان کے مطابق بعض ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں ایسی گاڑیوں سے ملیں جو آگ کی لپیٹ میں آ کر جل گئی تھیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔ ٹیموں نے زمینی عملے، آگ بجھانے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے آگ پر قابو کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ عدالتی حکام نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے اور ہلاک ہونے والوں کی باقاعدہ شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فائر فائٹنگ آپریشن مکمل ہونے تک ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔